24 اگست 2026 - 15:30
21 سابق کرکٹ کپتانوں کا شہباز شریف سے عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کا مطالبہ

پاکستان اور دنیا کے سابق 21 کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر سابق وزیراعظم اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے مکمل طبی معائنے اور مناسب علاج کا مطالبہ کیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سابق قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام اپنے خط میں عمران خان کے طبی معائنے اور انہیں ضروری علاج کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کرنے اور ان کے ذاتی ڈاکٹروں کے علاوہ ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان پر مشتمل طبی ٹیم سے معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی۔ عدالتی حکم کے مطابق اہل خانہ کی ہفتہ وار ملاقاتیں بھی بحال کی جانی تھیں۔

سابق کپتانوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو اسپتال میں صرف چند گھنٹوں کے لیے رکھا گیا اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے برخلاف مقررہ طبی ٹیم کے بجائے حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں انہیں صحت مند قرار دے کر اڈیالہ جیل واپس منتقل کردیا گیا۔

خط میں سابق کپتانوں نے تین مطالبات پیش کیے۔ پہلا، سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق مقررہ طبی ٹیم سے عمران خان کا مکمل اور آزادانہ طبی معائنہ کرایا جائے، بالخصوص ان کی دائیں آنکھ کی بینائی کم ہونے کی شکایت کا جائزہ لیا جائے۔

دوسرا، اہل خانہ کو بلا تعطل ہفتہ وار ملاقات کی اجازت دی جائے، جبکہ تیسرا، طبی معائنے کے نتائج کی بنیاد پر تجویز کردہ علاج فوری طور پر فراہم کیا جائے۔

سابق کرکٹ کپتانوں نے واضح کیا کہ وہ یہ مطالبات کسی سیاسی حیثیت سے نہیں بلکہ عمران خان کے سابق ساتھی کھلاڑیوں اور میدان میں ان کے سابق حریفوں کی حیثیت سے کر رہے ہیں اور پاکستان کے داخلی یا قانونی معاملات میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران عالمی کرکٹ کے سابق کپتانوں کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کو یہ دوسرا خط ہے۔ رواں سال فروری میں بھی 14 سابق کپتانوں نے عمران خان کی صحت اور ان کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha